ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سدرامیا کا وزیراعلیٰ بننا تقریباًطے، شیوکمارنے کہا!میں بغاوت نہیں کرتا، سدارامیا کیلئے نیک خواہشات، آج باضابطہ اعلان متوقع

سدرامیا کا وزیراعلیٰ بننا تقریباًطے، شیوکمارنے کہا!میں بغاوت نہیں کرتا، سدارامیا کیلئے نیک خواہشات، آج باضابطہ اعلان متوقع

Tue, 16 May 2023 11:15:25    S.O. News Service

بنگلورو، 16/مئی(ایس او  نیوز/ایجنسی)کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شاندار جیت کے بعد اب وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا مرحلہ بھی تقریباً طے نظر آ رہا ہے۔

دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر پیر کی شام ہوئی ایک میٹنگ میں اس بات پر اعلیٰ کمان کا اتفاق تقریباً ہو چکا ہے کہ کرناٹک کے اگلے وزیر اعلیٰ سدارامیا ہوں گے اور ان کے ساتھ تین نائب وزرائے اعلیٰ بھی حلف لے سکتے ہیں۔ دہلی سے کانگریس کے باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کانگریس رہنما راہل گاندھی نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے سدارامیا کے نام کو منظوری دے دی ہے۔

اس سے قبل کل دیر رات تک بنگلورو کی شانگری لا ہوٹل میں کانگریس مشاہدین نے اراکین اسمبلی سے جو انفرادی بات چیت کی اور ان سے تحریری طور پر یہ بیا ن لیا کہ وہ کس رہنما کے ساتھ ہیں اس مرحلہ میں 80سے زیادہ اراکین اسمبلی نے سدارامیا کو وزیر اعلیٰ بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ اس بنیادپر کانگریس اعلیٰ کمان نے بھی سدارامیا کو وزیر اعلیٰ بنانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

اس دوران کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار جو آج شام دہلی روانہ ہونے والے تھے کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے سدارامیا کو وزیر اعلیٰ بنانے پر آمادگی کی خبروں کے درمیان انہوں نے اپنا دورہ دہلی علالت کے بہانے سے منسوخ کردیا۔تاہم انہوں نے ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے اس بات کا اشارہ دے دیا کہ سدارامیا ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ ہو ں گے اور انہوں نے اس کیلئے سدارامیا سے اپنی نیک خواہشات کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا ان کے پاس بھلے ہی اراکین اسمبلی کی تعداد نہ ہو لیکن وہ پارٹی کیلئے ہمیشہ سے وفادار ہیں۔ پارٹی کیلئے انہوں نے اپنے آپ کو وقف کر دیا ہے پارٹی ان کو جیسا چاہے استعمال کرے وہ تیار ہیں۔

انہوں نے دیر شام ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شام میں دہلی جانے والے تھے لیکن صحت خراب ہوجانے کے سبب نہ جا سکے۔ اس دوران دہلی میں کانگریس کے مشاہدین نے پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کو بنگلورو کے سی ایل پی اجلاس کی قرار داد اور اراکین اسمبلی سے لی گئی رائے پر مشتمل رپورٹ پیش کی۔ کھرگے نے طے کیا ہے کہ اس رپورٹ کے ساتھ وہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے بات کریں گے اور اس کے بعد ہی کرناٹک کے اگلے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

اے آئی سی سی جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے دہلی میں بتایا کہ پیر کی دیر رات یا منگل کے روز وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا اور جلد از جلد کرناٹک میں کانگریس حکومت قائم ہو جائے گی۔اس دورا ن کانگریس ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ تین تا چار نائب وزرائے اعلیٰ کی بھی حلف برداری ہو سکتی ہے۔ ان میں ایک مسلم رکن اسمبلی کو بھی نائب وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ درج فہرست طبقات سے ایک، لنگایت سے ایک اور وکالیگا سے ایک کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔

جہاں تک وزرات کی تشکیل کا تعلق ہے کانگریس ذرائع نے بتایا کہ وزارت میں تین سے چار مسلمانوں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔اس دوران ڈی کے شیو کمار نے کہا ہے کہ کل صبح وہ دہلی جا رہے ہیں اور وہاں وہ پارٹی رہنماؤں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے ملاقات کریں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ ڈی کے شیو کمار کی دہلی آمد کے بعد وزیر اعلیٰ کو ن ہو گا اس کا باضابطہ اعلان ہو جائے گا۔


Share: